Nov ۱۵, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۹ Asia/Tehran
  • فضائی آلودگی کم کرنے کے لئے دہلی میں مکمل لاک ڈاؤن کی تیاری کا اعلان

ہندوستان کے قومی دارالحکومت دہلی میں ریاستی حکومت نے مکمل لاک ڈاؤن کی تیاری کا اعلان کردیا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ادارے یو این آئی کے مطابق دہلی حکومت نے پیر کے دن سپریم کورٹ کو بتایا کہ وہ آلودگی کو کم کرنے کے لیے قومی دارالحکومت میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق دہلی حکومت نے اس بات کا اعلان چھبیس صفحات پر مشتمل حلف نامے میں کیا ہے۔ ہندوستانی سپریم کورٹ کے تیرہ نومبر کے حکم کے مطابق حکومت دہلی نے قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کم کرنے کے لئے اب تک کے اقدامات کی تفصیلات عدالت میں پیش کی ہیں۔ دہلی حکومت نے عدالت کو بتایا ہے کہ اس نے ایک ہفتے کے لیے تمام اسکولوں اور سرکاری دفاتر کو بند کر دیا ہے اور ہوا کو صاف کرنے کے لیے کناٹ پلیس کے علاقے میں جدید پلانٹ نصب کرنے کے ساتھ ہی لوگوں میں ماحولیات کے تحفظ کے لیے بیدار ی پیدا کرنے کی مہم بھی شروع کردی ہے۔

یاد رہے کہ ہندوستان کے چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے ڈیویژن بینچ نے سنیچر کو آلودگی کی صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے حکومت کو فوری اقدامات کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ اگلے دو تین دنوں میں آلودگی کم ہو جائے۔ دہلی حکومت نے پیر کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر کئے گئے فوری اقدامات سے آلودگی میں نمایاں کمی آئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید کمی آئے گی.

ٹیگس