دہلی میں ہوائی آلودگی خطرناک سطح پر، سخت محدودیتیں لاگو
نئی دہلی میں ہوائی آلودگی کے شدت اختیار کرنے کی وجہہ سے نئی دلی اور اسکے آپس پاس کے شہروں میں اسکولوں، یونیورسٹیوں کو بند کر دیا گیا ہے جبکہ سرکاری دفاتر پچاس فی صد عملے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
ہندوستان کے شعبۂ ماحولیات کے فیصلے کے مطابق، یہ تعلیمی مراکز اگلے نوٹس تک نئی دلی میں پوری طرح بند رہیں گے۔ گذشتہ کئی دنوں سے دلی میں شدید ہوائی آلودگی کی وجہہ سے ان مراکز کی سرگرمیوں کو بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔
ہندوستان کے شعبہ ماحولیات نے دہلی، ہریانہ، یوپی، پنجاب اور راجستھان کی صوبائی حکومتوں سے سفارش کی ہے کہ سرکاری دفاتر اور پرائیویٹ کمپنیاں پچاس فی صد عملے کے ساتھ کام کریں۔
اسی طرح اس شعبے نے سڑکوں پر کوڑے کا ڈھیر لگانے والوں کے خلاف بھاری جرمانہ لگانے کی بھی خبر دی ہے۔ عمارتوں کو منہدم کرنے اور ان کی تعمیر کا کام بھی آئندہ پانچ دن کے لئے بند کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ دہلی میں مال لدے ٹرکوں کے داخلہ پر بھی روک لگا دی گئی ہے جبکہ صرف بنیادی سامان سے لدے ٹرک ہی آئندہ اتوار تک دہلی میں داخل ہو سکیں گے۔