Nov ۱۹, ۲۰۲۱ ۰۹:۵۰ Asia/Tehran
  • دہلی میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر، بچوں میں سانس کی مشکلات بڑھیں، زہریلے مادے کی سطح معمول سے 30 گنا زیادہ

ہندوستان کے دارالحکومت نئی دہلی میں ہوائی آلودگی بہت ہی خطرناک سطح پر پہونچ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق نئی دہلی کی فضا میں موجود پارٹیکولیٹ میٹر کی سطح حد معمول سے تیس گنا زیادہ ہو گئی ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ہوائي آلودگی کی وجہہ سے بچوں میں سانس سے جڑی بیماریاں تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہیں۔

فرانسیسی ٹی وی چینل 24 کے مطابق، عالمی ادارہ صحت نے ہندوستان خاص طور پر دارالحکومت نئی دہلی میں شدید ہوائی آلودگی پر تشویش  کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی کی فضا میں پارٹیکولیٹ مادہ حد معمول سے تیس گنا زیادہ موجود ہے۔

پچھلے سال نئی دہلی میں فضائي آلودگی کی وجہہ سے 17 ہزار سے زیادہ لوگوں کی جانیں چلی گئیں۔

دوسری طرف فضائی آلودگی کے مدنظر اسکول اور کھیل کے کلب اگلے نوٹس تک بند کر دیئے گئے ہیں۔ نئی دہلی میں ایک اسپتال میں بچوں کے شعبے کے ہیڈ کا کہنا ہے کہ ہمارے ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کی تعداد حد معمول سے تین سے چار گنا زیادہ ہے جسکا  پوری طرح ہوائی آلودگی سے ربط ہے۔  

دہلی کی بلدیہ نے بھی نئی تدبیر اپناتے ہوئے بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت  پر روک لگا دی ہے۔ نئی دہلی کا دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں شمار ہوتا ہے جہاں موسمِ سرما میں فضائی آلودگی بہت بڑھ جاتی ہے۔ اس شہر کے بہت سے باشندوں کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی کے بحران سے نمٹنے کے لئے طویل مدتی منصوبے کی ضرورت ہے۔

ویسے تو ہندوستان کے بڑے شہروں کو بالعموم اور سردی کے موسم میں بالخصوص شدید فضائی آلودگی کا سامنا رہتا ہے تاہم ملک میں منائے جانے والے بعض روایتی تہوار سے جڑی کچھ رسموں کے باعث بھی فضائی آلودگی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی 4 نومبر کو ہندو مذہب کے پیروکاروں نے اپنا قدیمی اور روایتی تہوار دیوالی منایا جس میں قدیم زمانے سے رائج رسم کے تحت بہت بڑے پیمانے پر پورے ملک میں آتش بازی کا استعمال ہوا جس کے باعث گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی پورے ہندوستان بالخصوص بڑے شہروں منجملہ دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔

تحفظ ماحولیات کے لئے سرگرم تنظیموں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان جیسے گھنی آبادی والے ملک میں فضائی آلودگی پیدا کرنے والے دیگر اسباب و علل کے ساتھ ساتھ دیوالی کے موقع پر ملکی سطح پر ہونے والی آتش بازی کا بھی فضائی اور ماحولیاتی آلودگی میں اہم کردار ہے۔

ایک اندازے کے مطابق ہندوستان میں دیوالی کے موقع پر کم از کم تین ہزار کروڑ روپئے کی آتش بازی پھونک کر دھواں کر دی جاتی ہے اور یہی بارود سے نکلنے والا دھواں خطرناک حد تک فضا میں پھیل جاتا ہے۔ ماہرین اس آلودگی کو صرف ہندوستان ہی کے لئے نہیں بلکہ دنیا کے لئے ایک بڑا خطرہ قرار دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر حکومتِ ہند نے اس پر قابو نہ پایا تو مستقبل میں اس کے سخت اور سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔

ٹیگس