Dec ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۰ Asia/Tehran
  • دہلی میں فضائی آلودگی کے تعلق سے ایک بار پھر مرکزی حکومت کی سرزنش

ہندوستانی سپریم کورٹ نے قومی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی کے تعلق سے ایک بار پھر مرکزی حکومت کی سرزنش کی ہے۔

نئی دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ہندوستانی سپریم کورٹ نے جمعرات کو مرکزی حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی میں آلودگی کم کرنے کےلئے فوری طور پر مناسب اقدامات کئےجائیں۔

چیف جسٹس این وی رمن کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی ڈیویژن بینچ نے دہلی میں اسکول کھولے جانے اور آلودگی پھیلانے والے بڑے صنعتی کارخانوں اور گاڑیوں کے خلاف مناسب کارروائی نہ کئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ سپریم کورٹ نے مرکزی اور دہلی کی ریاستی دونوں حکومتوں کے ان دعووں کو مسترد کردیا جن میں کہا گیا تھا کہ آلودگی کنٹرول کرنے کے لئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔

عدالت نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ اگر ضروری اقدامات کئے گئے ہیں تو پھر آلودگی کی سطح بڑھ کیوں رہی ہے؟ سپریم کورٹ کے ڈیویژن بینچ نے ریاستی اور مرکزی حکومتوں کے اعلی افسران کے کام کاج کے طریقوں پر بھی سنگین سوالات اٹھائے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے ڈیویژن بینچ نے دہلی کی ریاستی اور مرکزی حکومتوں کو آلودگی کنٹرول کرنے کے ضروری اقدامات کے لئے چوبیس گھنٹے کا وقت دیا ہے۔ چیف جسٹس این وی رمن نے کہا ہے کہ ہم جمعے کی صبح دس بجکر تیس منٹ پر دوبارہ اس کیس کی سماعت کرسکتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ جمعے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا جائے کہ آلودگی کنٹرول کرنے کے لئے کیا کیا گیا ہے ورنہ عدالت اگلے مرحلے میں حکم صادر کردے گی۔

ٹیگس