Dec ۰۹, ۲۰۲۱ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • جنرل بپن راوت کی آخری رسومات

ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا ، کانگریس صدر سونیا اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور 12 دیگر افراد کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

ہندوستان کی ریاست تامل ناڈو میں فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے میں ہلاک ہندوستانی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی۔

جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ کی میت ملٹری جہاز سے آج شام نئی دہلی لائی جائیں گی، جبکہ ہندوستان کے وزیر دفاع فوجی ہیلی کاپٹر گرنے کے واقعے پر آج پارلیمنٹ میں بیان دیں گے۔

گزشتہ روز ہوئے فوجی ہیلی کاپٹر حادثے میں 14 افراد میں سے 13 ہلاک ہوگئےتھے، ہیلی کاپٹر میں ہندوستانی چیف آف ڈیفنس اسٹاف بپن راوت اور ان کی اہلیہ بھی سوار تھیں، واقعے کا واحد زخمی گروپ کیپٹن وارون سنگھ ملٹری اسپتال میں زیر علاج ہے۔

ہندوستان کے پہلے سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کی زندگی کا یہ دوسرا ہیلی کاپٹر حادثہ تھا جو اُن کیلئے جان لیوا ثابت ہوا، 6 سال قبل یعنی 2015ء میں بھی جنرل بپن راوت ہیلی کاپٹر حادثے میں بال بال بچ گئے تھے، وہ اُس وقت لیفٹیننٹ جنرل تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز تامل ناڈو کے علاقے کونور کے قریب ملٹری ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آیا، ہندوستانی ایئر فورس کے مطابق ہیلی کاپٹر میں حادثے کے وقت 14 افراد سوار تھے۔

ٹیگس