دہلی میں اومیکرون کے مقابلے کی تیاریاں
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے مقابلے میں تیاری کے بارے میں بریفنگ دی ۔
دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ امید ہے کہ دہلی میں اومیکرون کی شدت زیادہ نہیں ہوگی کیونکہ بڑی تعداد میں لوگوں کو کورونا کا ٹیکہ لگ چکا ہے ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ دنیا سے جو خبریں مل رہی ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ اومیکرون بہت تیزی سے پھیلتا ہے اس کے پیش نظر دہلی کی ریاستی حکومت نے اس ویریئنٹ سے مقابلے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ کورونا کی دوسری لہر میں آکسیجن کی بہت کمی ہوگئی تھی جس کے پیش نظر وافر مقدار میں آکسیجن اسٹاک بھی کرلیا گیا ہے، اس کی تقسیم کا انتظام بھی ہے اور دو مہینے کی دوائیاں بھی جمع کرلی گئی ہیں ۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ دہلی حکومت نے ایک دن میں تین لاکھ لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کرانے کی تیاری بھی کرلی ہے ۔
دہلی کے وزیر اعلی نے کہا کہ دوسری لہر میں دہلی میں چھبیس سے ستائیس ہزار لوگ روزانہ کورونا میں مبتلا ہورہے تھے ، اس بار ہم نے ایک لاکھ لوگوں کے روزانہ مبتلا ہونے کو مدنظر رکھتے ہوئے علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کی تیاری کی ہے۔