کشمیرمیں تصادم، 5 عسکریت پسند جاں بحق
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 عسکریت پسند جاں بحق ہو گئے۔
پولیس ذرائع نے دعوی کیا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ عسکریت پسند جنوبی ضلع پلوامہ کے نائرہ گاوں اور وسطی ضلع بڈگام کے چرار شریف علاقے میں چھپے ہوئے ہیں جس پر پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر فوراً ان علاقوں کو محاصرے میں لے لیا اور کارروائی شروع کی جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا۔
پولیس ذرائع نے دعوی کیا کہ نائرہ پلوامہ اور چرار شریف میں رات بھر جاری رہنے والی جھڑپوں میں جیش کے کمانڈر سمیت 5 عسکریت پسند مارے گئے۔
اُن کے مطابق عسکریت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود ضبط کیا گیا۔
دریں اثنا آئی جی کشمیر وجے کمار نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے دعوی کیا کہ پچھلے 12گھنٹوں کے دوران سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائیوں میں لشکر طیبہ اور جیش سے وابستہ 5 عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔
اُن کے مطابق جیش کمانڈر زاہد وانی کی ہلاکت سیکورٹی فورسز کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے کیونکہ وہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کو متعدد کیسوں میں انتہائی مطلوب تھا۔
ممکنہ طور پر عوامی مظاہروں کو روکنے کیلئے پولیس نے علاقے کو گھیرے می لے لیا ہے۔ اور پولیس نے عوام سے پر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے گریز کریں۔