Mar ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۰:۵۱ Asia/Tehran
  • یوکرین، ہندوستانی طلبہ کو نکالنے کا عمل جاری، ایک طالبعلم کی موت پر حکومت کی سرزنش

ہندوستان کی حکومت مخالف جماعت کانگریس نے یوکرین سے ہندوستانیوں کو باہر نکالنے میں حکومت کی پالیسی پر کڑی نکتہ چینی کی ہے۔

حکومت ہندوستان کا کہنا ہے کہ جنگ زدہ یوکرین کے دارالحکومت کی ایف سے تمام ہندوستانی شہری نکل چکے ہیں، جب کہ گزشتہ سات دنوں میں 7700 سے زیادہ ہندوستانی طلبہ اور دیگر شہریوں کو ملک سے باہر لایا گیا ہے۔

ان ہندوستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے 26 پروازوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔

ادھر کانگریس نے یوکرین میں ہندوستانی طالب علم نوین کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کیلئے حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا اور کہا کہ اس نے بروقت ملک کے شہریوں کو نکالنے میں کوتاہی برتی۔

 کانگریس کی ترجمان ڈاکٹر راگنی نائک نے منگل کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں خصوصی پریس کانفرنس میں کہاکہ نوین کی موت کے لئے ہندستانی حکومت ذمہ دار ہے کیوں کہ اس نے اگر بروقت قدم اٹھایا ہوتا تو ملک کے ایک ہونہار طالب کو کھونا نہیں پڑتا۔

خیال رہے کہ ریاست کرناٹک کا نوین گیانہ گوڈا نامی ایک ہندوستانی طالب یوکرین کے شہر خارکیف میں اُس وقت شیلنگ کا نشانہ بن گیا جب وہ کھانا خریدنے کے لئے پناہ لینے کے لئے بنائے گئے بنکر سے باہر نکلا تھا۔ 

اطلاعات ہیں کہ یوکرین میں کچھ طلبا کو اغوا بھی کیا گیا ہے۔

ٹیگس