پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر ہندوستانی سینٹ میں ہنگامہ
ہندوستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافے پر پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے زبردست ہنگامہ کیا۔
ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف حزب اختلاف کے ارکان نے منگل کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں زبردست ہنگامہ کیا ۔
رپورٹ کے مطابق راجیہ سبھا میں وقفہ صفر کی کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین نے پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف نعرے لگائے۔ حزب اختلاف کے اراکین کا ہنگامہ بڑھنے کے بعد چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے ایوان کی کارروائی بارہ بجے تک کے لئے ملتوی کردی ۔
یاد رہے کہ ہندوستان میں ایک سو سینتیس دن تک پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں مستحکم رہنے کے بعد منگل کو بڑھا دی گئیں ۔
رپورٹ کے مطابق نئے دہلی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اسّی پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نئے اضافے کے بعد دہلی میں پیٹرول چھیانوے روپے اکیس پیسے اور ڈیزل ستاسی روپے سینتالیس پیسے فی لیٹر، ممبئ میں پیٹرول چوراسی پیسے کے اضافے کے ساتھ ایک سو دس روپے بیاسی پیسے اور ڈیزل بیاسی پیسے کے اضافے کے ساتھ پچانوے روپے فی لیٹر، چنئی میں چھہتر پیسے کے اضافے کے ساتھ پیٹرول ایک سو دو روپے سولہ پیسے اور ڈیزل بانوے روپے انیس پیسے فی لیٹر اور کولکتہ میں پیٹرول چوراسی پیسے کے اضافے کے ساتھ ایک سو پانچ روپے اکیاون پیسے اور ڈیزل تراسی پیسے کے اضافے کے ساتھ نوے روپے باسٹھ پیسے فی لیٹر پر پہنچ گیا۔