چینی وزیرخارجہ کا دورہ ہندوستان، ایس جے شنکر سے ملاقات
چین کے وزیرخارجہ افغانستان اور پاکستان کا دورہ کرنے کے بعد اپنے ہندوستانی ہم منصب اور اس ملک کی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات کےلئے نئی دہلی پہنچے ہیں۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق، چین کے وزیرخارجہ وانگ ای نے جمعے کو نئی دہلی میں اپنے ہندوستانی ہم منصب ایس جے شنکر سے ملاقات و گفتگو کی۔
ہندوستانی میڈیا ذرائع کے مطابق، چینی وزیرخارجہ دوسال بعد ہندوستان کے دورے پر نئی دہلی پہنچے ہیں جس سے پتہ چلتا ہے کہ سرحدی اختلافات کی بنا پر سرد مہری کا شکار دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ اس ملاقات سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں جاری کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ چین اور ہندوستان کے درمیان شدید سرحدی اختلافات پائے جاتے ہیں اور گذشتہ مہینوں میں سرحدوں پر فوجیوں کے درمیان کئی بار جھڑپیں بھی ہوچکی ہیں۔
چین اور ہندوستان، اپنے سرحدی اختلافات کے حل کے لئے اب تک کئی بار مذاکرات بھی کرچکے ہیں، تاہم خاطرخواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔
دس روز قبل میڈیا ذرائع، نے چینی وزیرخارجہ کے دورہ ہندوستان کی خبردی تھی، تاہم دورے سے قبل فریقین کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا اور یہ خلاف معمول ہے، کیونکہ وزرائے خارجہ کی سطح کے دوروں کا کم سے کم ایک روز قبل سرکاری سطح پراعلان کردیا جاتا ہے۔
چین کے وزیرخارجہ نئی دہلی کے بعد نیپال کے دارالحکومت کاٹھ مانڈو بھی جائیں گے۔