ہندوستان یوکرین جنگ کے خلاف ہے ، ایس جے شنکر
ہندوستان کے وزیر خارجہ نے یوکرین جنگ کی مخالفت کرتے ہوئے، روس کو اپنے ملک کا سب سے بڑا تجارتی شریک قرار دیا ہے۔
بدھ کو ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں یوکرین کی جنگ پر بیان دیتے ہوئے ایس جے شنکر نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ جنگ سے کوئی مسئلہ حل نہیں کیا جاسکتا۔ انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت کی بنیادی پالیسی یہ ہے کہ ہر تنازعے کو سفارتکاری کے ذریعے حل کرنے کی کوشش ہونی چاہئے۔ انھوں نے اراکین پارلیمنٹ کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی جنگ کے معاملے میں ہندوستان کی پہلی رائے یہ ہے کہ ہم اس لڑائی کے خلاف ہیں۔
ایس جے شنکر نے اسی کے ساتھ کہا کہ روس، ہندوستان کا سب سے بڑا اقتصادی شریک ہے اور ہماری کوشش ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی روابط زیادہ مستحکم ہوں۔
یاد رہے کہ ہندوستان نے یوکرین کی جنگ بند ہونے کی ضرورت پر بارہا زور دیا ہے لیکن اقوام متحدہ میں روس مخالف قرار دادوں کی حمایت نہیں کی ہے۔ ہندوستان، روس اور مغرب دونوں سے اپنے روابط محفوظ رکھنا چاہتا ہے۔