May ۱۰, ۲۰۲۲ ۱۹:۰۴ Asia/Tehran
  • ہندوستان، مساجد کو اپنے لاؤڈ اسپیکر کی آواز کم کرنے پر مجبور کر دیا گیا

ہندوستان میں ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے مسلمانوں کی آزادانہ عبادت اور مذہبی اظہار کے حقوق کو پامال کرنے کی ایک اور کوشش کی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں مساجد کو اذان کی آواز کم کرنے پر مجبور کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی سیاسی جماعت ایم این ایس کے رہنما راج ٹھاکرے نے اپریل میں دھمکی دی تھی کہ اذان کی آواز کم نہ کی گئی تو مساجد کے باہر ہندو عبادت یا ہنومال چالیسا شروع کی جائے گی۔

خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی کی سب سے بڑی مسجد کے مرکزی خطیب محمد اشفاق قاضی اور مہارا شٹر کے تین دیگر سینئر علماء کا کہنا ہے کہ ریاست کے مغرب میں 900 سے زیادہ مساجد نے مقامی ہندو سیاست داں کی شکایات کے بعد اذان کی آواز کم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔

محمد اشفاق قاضی کا کہنا ہے کہ اذان کی آواز کتنی ہونی چاہیے یہ ایک سیاسی مسئلہ بن گیا ہے، مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان تشدد کے خطرے کو کم کرنے کے لیے راج ٹھاکرے کے مطالبات کو مانا گیا۔

واضح رہے کہ ہندوستان میں اذان کے مسئلے کا دائرہ مہاراشٹرا کے علاوہ دیگر ریاستوں تک پھیل گیا ہے، جس کی بنا پر اس ملک کے مختلف علاقوں میں فرقہ وارانہ کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔

 

ٹیگس