May ۱۲, ۲۰۲۲ ۲۱:۴۲ Asia/Tehran
  • دہلی میں انہدامی کارروائی جاری، مزید عمارتیں مسمار کر دی گئیں

دہلی میونسپل کارپوریشن نے انہدامی کارروائی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج جنوب مشرقی دہلی کے علاقے مدن پور کھادر میں انہدامی کارروائیاں انجام دیں۔

دہلی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیر کنٹرول دہلی میونسپل کارپوریشن نے عوام کے شدید احتجاج کے باوجود دہلی کے مدن پور کھادر میں آج ایک چھے منزلہ عمارت گرانے کی کوشش کی جبکہ تین منزلہ عمارت کو مسمار کر دیا۔

اس انہدامی کارروائی کے موقع پر عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان بھی علاقے میں موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ منہدم کی جانے والی عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر نہیں کی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل امانت اللہ خان نے شاہین باغ میں ایسی ہی ایک کارروائی کو روک دیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ وہ غریبوں کے مکان بچانے کے لئے جیل جانے کے لئے بھی تیار ہیں۔

عام لوگوں کا کہنا ہے کہ ان کے مکان بنتے وقت دہلی میونسپل کارپویشن نے موٹی رقم لی تھی اور اب وہ اسے گرانے آئے ہیں۔ انہدامی کارروائی کے وقت لوگوں نے پولیس کے خلاف نعرے لگائے جبکہ پولیس نے مشتعل بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے لئے طاقت کا بھرپور استعمال کیا۔ پولیس نے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی امانت اللہ خان کو بھی حراست میں لے لیا۔

ٹیگس