May ۳۱, ۲۰۲۲ ۲۰:۲۹ Asia/Tehran
  • ملک کے حالات تشویشناک، اقلیت نشانے پر، محمد ادیب

ہندوستان کے معروف سیاستداں و سابق ممبر پارلیمنٹ محمد ادیب نے ملک کے موجودہ حالات کو تشویشناک قرار دیا ہے۔

نئی دہلی میں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق، سابق ممبرپارلیمنٹ محمد ادیب نے ہندوستان کے ممتازمسلم سیاستدانوں اور دانشوروں کے نمائندہ اجلاس میں کہا کہ ملک میں مذہبی اقلیتوں اور سماجی و اقتصادی پسماندگی کا شکار شہریوں کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

محمد ادیب نےچند روز قبل نئی دہلی میں منعقدہ اجلاس میں کہا تھا کہ ملک کے بنیادی ڈھانچے کی روح کو کھلے عام نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ایسے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک مضبوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں کے نمائندہ اجلاس کا مقصد مسلمانوں کے تمام طبقات کی اس طرح رہنمائی کرنا ہے جس سے معاشرے میں موجود مایوسی ختم کرکے انھیں موجودہ حالات کے مقابلے کے قابل بنایا جا سکے اور ملک کے سیکولرعوام کے آئیڈیا آف انڈیا کا دفاع کیا جا سکے جس کی آئین ہند اجازت دیتا ہے۔

اجلاس میں شامل مندوبین اور مقررین نے سابق رکن پارلیمنٹ محمد ادیب کی اس پہل کی نہ صرف تائید کی بلکہ اس اقدام کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری انھیں ہی سونپنے کا فیصلہ کیا۔ اس کانفرنس میں ہندوستان کی 24 ریاستوں کے تقریبا 600 سے زیادہ مندوبین نے شرکت کی، جس میں جمو کشمیرکے سابق وزیراعلی فاروق عبداللہ، اترپردیش کےسابق گورنرعزیز قریشی، سابق مرکزی وزیرسلمان خورشید سمیت مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات شامل ہیں۔

 

ٹیگس