ہندوستان اور چین کی کشیدگی کم کرنے کے لئے جلد ہی فوجی کمانڈروں کی میٹنگ
ہندوستان اور چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر کشیدگی کم کرنے کے لئے جلد ہی فوجی کمانڈروں کی میٹنگ پر اتفاق کیا ہے۔
نئی دہلی سے ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق ہندوستان اور چین نے اپنے دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے مشرقی لداخ میں لائن آف ایکچول کنٹرول ایل اے سی پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق دونوں ملکوں نے مشرقی لداخ میں ایل اے سی پر محاذ آرائی کے مقامات سے جلد از جلد فوجیوں کو ہٹانے کے لئے دونوں ملکوں کے کور کمانڈروں کی سولہویں میٹنگ جلد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اہم فیصلہ ہندوستانی وزارت خارجہ میں مشرقی ایشیا کے محکمہ کے ایڈیشنل سکریٹری اور چینی وزارت خارجہ میں سرحدی اور سمندری امور کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل کی مشترکہ قیادت میں ہند - چین سرحدی امور پر مشاورت اور رابطہ کاری نظام، ڈبلیو ایم سی سی کی چوبیسویں میٹنگ میں کیا گیا۔
ہندوستان کے سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ورچوئل طریقے سے ہونے والی اس میٹنگ میں دونوں فریقوں نے مغربی سیکٹر کے سرحدی علاقے میں ایل اے سی، کے موجودہ حالات کا جائزہ لیا۔