ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے منفی اثرات کے بارے میں سخت انتباہ
ملیشا کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان میں رونما ہونے والے اسلام مخالف واقعات جنوب مشرقی ایشیا کے ملکوں پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق ملیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ نے خبردار کیا ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف رونما ہونے والے واقعات کے نتیجے میں ایشیائی ملکوں کی مسلم آبادی کے جذبات مجروح ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے دور میں جب خبریں تیزی کے ساتھ پھیلتی ہیں، ہمیں صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت جدو جہد کرنی چاہیے۔
ملیشیا کے وزیرخارجہ سیف الدین عبداللہ نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ہندوستان میں اسلامو فوبیا کے واقعات سے دیگر ممالک کے لوگ متاثر ہوں ۔
ملیشیا کے وزیر خارجہ نے مختلف ادیان کے لوگوں کے درمیان مفاہمت اور دوستی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اس سلسلے میں ہندوستان کے ساتھ مشترکہ پلیٹ فارم قائم کرنے کے لیے تیار ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں ہندوستان کی حکمراں جماعت بی جے پی کے دو سرکردہ لیڈروں کی جانب سے ایک ٹی وی مباحثے کے دوران پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی شان میں گستاخی کے خلاف شدید علاقائی اور عالمی ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔
بی جے پی نے اگر چہ مذکورہ لیڈروں کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کیا ہے تاہم اس معاملے پر احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ اوران لیڈروں کی گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں آسکی ہے جبکہ توہین رسالت ص کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں پر حکومت سخت کارروائی کرکے بعض لوگوں کے گھروں کو مسمار کررہی ہے ۔