کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی سے 15 یاتری ہلاک، 40 سے زائد لاپتہ
Jul ۰۹, ۲۰۲۲ ۱۰:۲۲ Asia/Tehran
امر ناتھ گھپا کے قریب جمعے کی سہ پہر بادل پھٹنے کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آئی جس کی وجہ سے 15 یاتری ہلاک جبکہ 40 سے زائد یاتری ابھی بھی لاپتہ ہیں۔
آئی جی کشمیر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ امر ناتھ پوترا گھپا کے نزدیک موسم نے کروٹ لی اور بادل پھٹنے کے باعث پہاڑیوں سے تیز رفتاری کے ساتھ سیلابی پانی نیچے آیا جس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی آئی۔ انہوں نے بتایا کہ پانی کا تیز بہاؤ تقریباً دو درجن ٹینٹوں اور تین لنگر خانوں کو اپنے ساتھ بہا کر لے گیا۔
اب تک کم از کم 15 یاتریوں (مسافروں) کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جن کی لاشیں باز یاب کی گئیں۔ آئی جی کشمیر کا کہنا تھا کہ ہلاکتوں میں اضافہ کا خدشہ ہے کیونکہ متعدد یاتری لاپتہ ہیں جنہیں تلاش کرنے کی خاطر فوج کی خصوصی ونگ کو بھی طلب کیا گیا ہے۔