Jul ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • ملک کو سیاسی جمہوریت کے ساتھ سماجی جمہوریت کی ضرورت: ہندوستانی صدر

ملک کو صرف سیاسی جمہوریت نہیں بلکہ سماجی جمہوریت کی بھی ضرورت ہے، یہ بات ہندوستان کے صدر رام ناتھ کووند نے اپنی مدت صدارت ختم ہونے سے قبل اپنے الوداعی خطاب میں کہی۔

ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق اتوار کی شام رام ناتھ کووند نے بطور صدر اپنے آخری خطاب میں کہا کہ ہمیں صرف سیاسی جمہوریت پر مطمئن نہیں ہونا چاہئے بلکہ سماجی جمہوریت کے لئے بھی کام کرنا چاہئے کیوں کہ یہ، آزادی مساوات اور بھائی چارے کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا ملکی آئین کے معمار ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر نے دستور اپنائے جانے سے ایک دن قبل جمہوریت کی سماجی اور سیاسی جہتوں کے درمیان فرق کو واضح کیا تھا اور کہا تھا کہ ہمیں صرف سیاسی جمہوریت پر مطمئن نہیں ہونا چاہئے۔

ہندوستان کے صدر نے کہا کہ ہمیں اپنی سیاسی جمہوریت کو سماجی جمہوریت بھی بنانا ہے کیوں کہ اگر سماجی جمہوریت ختم ہو جائے تو سیاسی جمہوریت بھی باقی نہیں رہتی۔ انہوں نے سوشل ڈیموکریسی کے معنیٰ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ایسا طریقہ زندگی ہے جو آزادی، مساوات اور بھائی چارے کو زندگی کے بنیادی اصولوں کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ رام ناتھ کووند کی مدت صدارت گزشتہ روز چوبیس جولائی کو ختم ہو گئی ہے اور آج سے خاتون نو منتخب صدر دروپری مورمو حلف برداری کےبعد ملک کی پندرہویں صدر کے طور پر یہ عہدہ سنبھال رہی ہیں۔

ٹیگس