Aug ۱۴, ۲۰۲۲ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں بی جے پی پر کانگریس کی تنقید

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر" تقسیم کی زیادتیوں کا یادگار دن " منا کر سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا ہے۔

نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کے میڈیا سیل کے سربراہ جے رام رمیش نے اتوار کو ایک بیان میں کہا ہے کہ چودہ اگست کو تقسیم کی زیادتیوں کا یادگار دن منانے کے پیچھے تاریخی واقعات سے غلط سیاسی فائدہ اٹھانے کا جذبہ کارفرما ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی  کے بقول ان کی، فطرت ہے کہ وہ سیاسی فائدہ اٹھانے کے ہر موقع کا استعمال کرتے ہیں ۔

کانگریس میڈیا انچارج جے رام رمیش نے کہا کہ تقسیم ہند کے سانحے میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوئے اور لاکھوں مارے گئے۔ نہ ان کی قربانیوں کو فراموش کرنا چاہئے اور نہ ہی ان کی تذلیل کرنی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت بقول ان کے ، ملک میں نفرت اور تعصب پھیلانے کے لئے اس دن سے غلط سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ آج بھی ملک کو تقسیم کرنے کی کوششیں جاری ہیں لیکن بقول ان کے کانگریس پارٹی قوم کو متحد رکھنے کی کوشش جاری رکھے گی اور نفرت کی سیاست کو شکست ہوگی ۔  

ٹیگس