Aug ۱۵, ۲۰۲۲ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں جشن آزادی کی پچھترویں سالگرہ کی تقریبات

آج ہندوستان میں چھترواں یوم آزادی دھوم دھام سے منایا جارہا ہے۔

ہندوستان میں پیر کی صبح آزادی کی پچھترویں سالگرہ کی مناسبت سے پورے ملک میں عوامی اور سرکاری تقریبات شروع ہوئیں ۔ رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے قومی اور ریاستی دارالحکومتوں اور ضلعی ہیڈ کوارٹروں کے علاوہ سبھی چھوٹے بڑے شہروں ، نجی اور سرکاری تعلیمی اداروں میں قومی پرچم لہرانے کی تقریب کے علاوہ کلچرل پروگراموں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب لال قلعہ میدان میں منعقد ہوئی جس میں اعلی سرکاری عہدیداروں اور سیاستدانوں کے علاوہ بڑی تعداد میں عوام نے بھی شرکت کی ۔

ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعے کی فصیل سے اپنے خطاب میں آئندہ پچیس برس کو امرت کال یعنی سنہرے دور سے تعبیر کیا اور کہا کہ ان پچیس برسوں میں ہمیں اپنی طاقت، صلاحیت اورعزم کو ہندوستان کو پانچ عہد کی تکمیل پر لگانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ پانچ عہد، ملک کو ترقی یافتہ بنانے، اگر ذہن میں کہیں غلامی کی کوئی نشانی ہے، تو اس سے نجات حاصل کرنے، اپنے ورثے پر فخر کرنے، اتحاد و یکجہتی کے حصول اور شہریوں کا عہد ہے۔

دوسری طرف کانگریس صدر سونیا گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر ملک کی تاریخی کامیابیوں کو معمولی ظاہر کرنے کا الزام لگایا۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے آزادی کے بعد پچھتر برس میں سائنس، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت ہر میدان میں عظیم کامیابیاں حاصل کیں لیکن مودی حکومت ملک کے عظیم لیڈروں کے عظیم کارناموں کو غلط انداز میں پیش کرکے معمولی بنانے کی کوشش کررہی ہے۔

ٹیگس