Aug ۱۹, ۲۰۲۲ ۰۹:۱۷ Asia/Tehran
  • غریبی کے بیچ ہندوستان میں بڑھتی کروڑ پتی لوگوں کی تعداد

سال دوہزار تیس تک ہندوستان میں بالغ کروڑ پتی افراد کی تعداد ساٹھ لاکھ سے زیادہ ہوجائے گی، یہ دعویٰ امریکی میڈیا ادارے بلوم برگ نے ایک عالمی شہرت یافتہ بینک کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں کیا ہے۔

بلومبرگ کے دعوے کے مطابق دوہزار تیس تک ہندوستان میں بالغ کروڑ پتی لوگوں کی تعداد ساٹھ لاکھ جبکہ چین میں ایسے کروڑ پتیوں کی تعداد پچاس لاکھ کے لگ بھگ ہونے کی توقع ہے۔

بالغ کروڑ پتی اُس فرد کو کہا جاتا ہے جس کے پاس کم از کم ڈھائی لاکھ امریکی ڈالرز کے مساوی رقم ہو۔

اس رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ سنگاپور اس معاملے میں آسٹریلیا سے آگے نکل جائے گا اور آئندہ آٹھ برسوں میں ایشیا میں کروڑ پتی بالغ افراد کے تناسب میں سب سے آگے ہوگا۔

خیال رہے کہ ایک طرف ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں عدم مساوات سے سنگین خدشات پیدا ہو رہے ہیں جس کے باعث اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے مستقل بنیادوں پر حکومت پر سخت تنقید کا سلسلہ جاری ہے اور دوسری جانب ملک میں کروڑپتی افراد کی تعداد کے تیزی سے بڑھنے کی بات کی جا رہی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال میں بھارت میں ملینرز کلب یعنی کروڑپتی کے کلب میں سات ہزار تین سو نئے لوگوں کی انٹری ہوئی ہے۔

اپوزیشن اور آزاد حلقوں کا حکومت پر یہ الزام ہے کہ اسکی پالیسیوں سے ایک طرف تو کمزور طبقہ مزید بدحالی اور غربت کا شکار ہوتا جا رہا ہے اور دوسری جانب سرمایہ داروں کی دولت و ثروت میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

ٹیگس