دہلی میں ڈینگی کا پھیلاؤ، 5 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
دہلی میں ڈینگی کے پھیلاؤ سے جہاں عوام میں تشویش کی شدید لہر دوڑ گئی ہے وہیں 5 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے ۔
سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے دارالحکومت دہلی میں ایک بار پھر ڈینگی بخار تیزی سے پھیل رہا ہے۔
دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے دہلی میں ڈینگی کے 412 معاملے سامنے آئے ہیں۔ تاہم اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں شہر میں ڈینگی کے سب سے زیادہ 693 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی۔
شہر میں اس سال اب تک ویکٹر سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے کل 937 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تاہم رواں سال تاحال ڈینگی سے کسی کی موت واقع نہیں ہوئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سال 28 ستمبر تک دہلی میں ملیریا کے 125 اور چکن گونیا کے 23 معاملے سامنے آئے ہیں۔ رواں سال 28 ستمبر تک رپورٹ ہونے والے کل 937 کیسز میں سے 75 اگست میں درج ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق دہلی میں درج کئے جانے والے ڈینگی کے معاملے کی یہ تعداد 2017 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ 2017 میں یکم جنوری سے 28 ستمبر تک کے دوران کل تعداد 2152 درج کئے گئے تھے۔
ستمبر 2018 میں ڈینگی کے کل 1103 کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور اگلے سال یہ تعداد کم ہو کر 374 رہ گئی تھی۔ اس کے بعد ستمبر 2019 میں کل 190 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ ستمبر 2020 میں کل کیسز کی تعداد 188 ہو گئی اور اگلے سال یعنی ستمبر 2021 میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 217 ہو گئی۔ ایم سی ڈی کی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2022 میں ویکٹر سے پیدا ہونے والی بیماری کے کل 683 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈینگی سے حفاظت ک کیلئے ضروری ہے کہ گھر کے ارد گرد یا اندر پانی جمع نہ ہونے دیں، پوری بازو کی قمیض اور مکمل پینٹ یعنی ایسے کپڑے پہنیں جو جسم کو مکمل طور پر ڈھانپیں۔ سوتے وقت مچھر دانی کا استعمال کریں۔ زیادہ خطرے والے علاقوں میں جانے سے اجتناب کریں۔