خلائی ترقی سے دنیا حیران ، ہندوستان کے وزیر اعظم کے من کی بات
ہندوستان کے وزیر اعظم نے خلائی میدان میں اپنے ملک کی کامیابیوں کو دنیا کے لئے حیران کن قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو آکاشوانی سے نشر ہونے والے اپنے ماہانہ من کی بات پروگرام میں خلائی میدان میں اپنے ملک کی کامیابیوں کا ذکر کیا ۔انھوں نے کہا کہ پچھلے دنوں ہندوستان کے خلائی سینٹر نے ایک ساتھ چھتیس سیٹ لائٹ خلا میں روانہ کرکے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا ۔
انھوں نے کہا کہ ہندوستان اب تک خلا میں کامیابی کے ساتھ درجنوں راکٹ روانہ کرچکا ہے ۔انھوں نے ہندوستان کی موجودہ ترقی میں نوجوانوں اور نجی شعبے کے کردار کو بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ہندوستان کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پیشرفت و ترقی کے سفر میں ان کے ملک کی کامیابیاں سب کے ساتھ اور سب کے پریاس یعنی سب کی باہمی کوششوں سے ہی مل سکتی ہیں ۔
قابل ذکر ہے کہ سب کا ساتھ اور سب کا وکاس ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کا پرانا سلوگن ہے جس میں اب انھوں نے سب کا پریاس بھی جوڑ دیا ہے۔ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی اپنی تقریروں میں اکثر و بیشتر سب کا ساتھ اور سب کا وکاس ، کا سلوگن دوہراتے رہتے ہیں ۔وہ اپنے اس سلوگن کو ایسی حالت میں دوہراتے رہتے ہیں کہ ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعتیں ان کی پارٹی پر سماج کو تقسیم کرنے اور صرف سرمایہ داروں اور کارپوریٹ طبقے کے فائدے میں کام کرنے کا الزام لگاتی ہیں ۔