Nov ۰۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان میں فضائی آلودگی برقرار، معاملہ پھر سپریم کورٹ پہنچا

ہندوستان میں فضائی آلوگی کا معاملہ بڑا سنجیدہ ہو گیا ہے اور ملکی سطح پر بالخصوص دارالحکومت دہلی میں آلودگی کی سطح نہایت خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے سپریم کورٹ میں قومی دارالحکومت خطے میں خطرناک سطح پر آلودگی کی روک تھام سے متعلق عرضیاں دائر کی گئی ہیں جنکی سماعت دس نومبر کو کی جائے گی۔

چیف جسٹس یو یوللت کی سربراہی والی بنچ نے آلودگی کو روکنے کی عرضیوں پر سماعت کی عرضی کو جمعہ کو قبول کیا اور اس کی سماعت کے لیے دس نومبر کی تاریخ مقرر کی۔ بنچ کے سامنے ایک وکیل نے آلودگی کے معاملے پر جلد سماعت کی استدعا کی تھی۔

وکیل نے بنچ کے سامنے عرض کیا کہ آلودگی کی صورتحال اتنی سنگین ہو گئی ہے کہ دہلی میں ہوا کے معیار کا انڈیکس پانچ سو تک پہنچ گیا ہے اور یہ خوفناک صورتحال دارالحکومت میں پہلے کبھی نہیں ہوئی تھی۔ اس لیے آلودگی کو کم کرنے کے لیے پڑوسی ریاستوں پنجاب اور ہریانہ میں پرالی جلانے کو روکنے کے لیے فوری مداخلت کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس یو یو للت نے وکیل کی عرضی کو قبول کرتے ہوئے دس نومبر کو سماعت کے لیے رضامندی ظاہر کی۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان بالخصوص دہلی کی فضائی آلودگی میں پرالی جلانے سے پیدا ہونے والے دھویں اور دیوالی کے موقع پر پٹاخوں اور آتش بازی کے بے تحاشہ استعمال کا اہم کردار ہے۔

ٹیگس