Nov ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۳:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے دراس کی جامع مسجد میں بھیانک آتش زدگی

ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے کرگل ضلع کے دراس علاقے میں واقع مرکزی جامع مسجد میں بھیانک آگ لگنے سے اس کا زیادہ تر حصہ تباہ ہوگیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کرگل سے موصولہ رپورٹ کے مطابق بدھ کی شام دراس کی مرکزی جامع مسجد میں بھیانک آگ لگ گئی جس سے مسجد کا زیادہ تر حصہ تباہ ہوگیا۔ بعض رپورٹوں کے مطابق مسجد کی پوری عمارت کو نقصان پہنچا ہے جبکہ بعض رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ مسجد کی دو اوپری منزلیں پوری طرح سے جل گئی ہیں۔

دریں اثنا، مقامی افراد نے علاقے میں آگ بجھانے والا یونٹ نہ ہونے پر احتجاج کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ آگ بجھانے والی گاڑیاں نہ پہنچنے پر انہوں نے فوج کی مدد سے آگ بجھائی۔

ادھر علاقے کے چیف ایگزیکٹیو کونسلر فیروز خان نے جامع مسجد میں آگ لگنے کے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ "مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کا آگ بجھانے والا اور ہنگامی حالت کا محکمہ آتش زدگی میں عوامی املاک کی حفاظت کرنے میں ناکام رہا ہے۔ میں علاقے کے ایل جی (لیفٹینینٹ گورنر) سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ سب ڈویژنل سطح پر فائر بریگیڈ یونٹ قائم کروائیں۔"

 

ٹیگس