Dec ۰۲, ۲۰۲۲ ۱۰:۱۰ Asia/Tehran
  • عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی، لیکن ہندوستان میں قیمتیں آسمان پر کیوں؟

کانگریسی رہنما راہل گاندھی نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر کڑی نتکہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ مہنگائی سے پریشان مگر وزیر اعظم اپنی وصولی میں مصروف ہیں۔

سحر نیوز/ہندوستان: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں لیکن وزیر اعظم نریندر مودی دنیا میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ملک کے عوام کو راحت دینے کے لیے اقدامات نہیں کر رہے ہیں۔

کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں ایک چوتھائی کمی آئی ہے اور خام تیل کی قیمت میں کمی سے پوری دنیا راحت محسوس کر رہی ہے، لیکن مودی سرکار نے اس کا ملک کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچایا، خام تیل کی قیمت میں کمی کے باوجود حکومت نے تیل کی قیمت میں ایک روپے کی بھی کمی نہیں کی۔

راہل گاندھی نے ٹوئیٹ کیا کہ گزشتہ چھ مہینوں میں خام تیل 25 فیصد سے زیادہ سستا ہوا ہے، ملک میں پٹرول اور ڈیزل کے دام 10 روپے سے زیادہ گھٹائے جا سکتے ہیں لیکن حکومت نے ایک روپے بھی کم نہیں کیا۔ ہندوستان کے عوام مہنگائی سے پریشان ہیں، (مگر) وزیر اعظم اپنی وصولی میں مست ہیں۔

خیال رہے کہ دہلی میں پٹرول کی میقت 96.72 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی میقت86.67 روپے فی لیٹر ہے۔ ہندوستان میں گزشتہ کئی ماہ سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نہ صرف کوئی کمی نہیں کی گئی بلکہ مسلسل اُن میں اضافے کی خبریں سرخیوں میں رہیں جس سے عوام میں خاصی تشویش بھی پیدا ہوئی۔

 گزشتہ دنوں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد قیاس آرائیاں شروع ہو گئی تھیں کہ ڈیزل - پٹرول کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے لیکن ہندوستان کی حکومت نے تیل کی قیمتوں میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں کی۔

حتیٰ ریاست یوپی کہ جہاں بی جے پی کی حکومت ہے، نوبت یہ آگئی ہے کہ سی این جی کی قیمتوں نے پیٹرول کی قیمتوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور سی این جی کی قیمت 97 روپے فی کلو تک پہنچ گئی جبکہ پیٹرول کی قیمت 96.55 روپے فی لیٹر میں فروخت ہو رہا ہے۔

ٹیگس