ہندوستان کا چینی متنازعہ سرحد کے ساتھ 1000میل لمبی سٹرک بنانے کا فیصلہ
ہندوستان نے چین کے ساتھ حالیہ سرحدی تنازعات کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ چینی سرحد کے ساتھ ساتھ 1000میل لمبی سٹرک تعمیر کرے گا تاکہ فوجیوں کو کم ترین وقت میں فرنٹ لائن تک منتقل کیا جاسکے۔ یہ منصوبہ 5سال میں مکمل ہوگا۔
سحرنیوز/ ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ہندوستان چینی سرحد کے ساتھ ساتھ اروناچل پردیش کی ریاست میں 1000میل لمبی سٹرک تعمیر کرے گا جو پانچ سال میں مکمل ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق یہ سڑک ہند چین کنٹرول لائن کے 12 میل اندر بنائی جائے گی جس سے نئی دہلی کو فوج اور دوسرا جنگی سازوسامان جلدازجلد متنازعہ علاقوں میں پہنچانے میں مدد ملے گی۔
ہندوستانی اعلی فوجی حکام نے گارڈین اخبار کو بتایا کہ چینی پیپلز لبریشن آرمی کے فوجیوں نے گزشتہ چند ماہ میں باقاعدگی سے ہندوستانی علاقے میں داخل ہوکر سرحد کی خلاف ورزی کی ہے اور ہندوستان پر اپنی عوام کی طرف سے چینی سرحدی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کا دباؤ بڑھ رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 9 دسمبر کو چینی پی ایل اے کے فوجی ڈنڈوں اور پتھروں کی مدد سے ہندوستانی سرحد میں داخل ہوگئے اور اروناچل پردیش میں ہندوستانی فوج کے ساتھ دوبدو لڑائی میں کم سے کم 20 ہندوستانی فوجیوں کو زخمی کردیا۔
اس سٹرک کی تعمیر سے ان چینی خانہ بدوشوں کو بھی روکنے میں مدد ملے گی جوہندوستانی سرحد کے اندر داخل ہوکر اپنی آبادیاں قائم کرلیتے ہیں اور چینی فوج ان خانہ بدوشوں کو اہم اسٹریٹجک مقامات پر قبضہ کرنے کےلئے استعمال کررہی ہے۔