Dec ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان کی پارلیمنٹ میں جمعرات کو بھی ہنگامہ

ہندوستانی پارلیمنٹ میں چین کے ساتھ سرحدی تنازعے پر اپوزیشن کے ہنگامے کا سلسلہ جمعرات کو بھی جاری رہا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق چین کے ساتھ سرحدی تنازعے کے مسئلے پر حزب اختلاف کے اراکین کے ہنگامے کی وجہ سے پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی کارروائی جمعرات کو بھی معمول کے مطابق نہ چل سکی ۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لوک سبھا میں ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین نے چین کے ساتھ سرحدی تنازعے کے مسئلے پر بحث کا مطالبہ شروع کردیا۔
حزب اختلاف کے اراکین، اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر اپنے مطالبے کے حق میں نعرے لگانے لگے اور انھوں نے وقفہ صفر اور  وقفہ سوالات کی کارروائی نہیں چلنے دی۔
یاد رہے کہ ہماچل پردیش کی توانگ سرحد پر چین کے ساتھ ہونے والی حالیہ فوجی جھڑپ کے بعد حزب اختلاف کے اراکین پارلیمنٹ، دونوں ایوانوں میں مسلسل بحث کرانے کا مطالبہ کررہے ہیں۔
حزب اختلاف کے اراکین کا کہنا ہے کہ یہ بہت سنگین معاملہ ہے جس کا تعلق قومی سلامتی سے ہے لیکن حکومت ملک کے دیگر سلگتے ہوئے مسائل کی طرح اس مسئلے پر بھی ایوان میں بحث کرانے سے بھاگ رہی ہے۔
بدھ کو کانگریس کی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں سونیا گاندھی نے اس مسئلے میں حکومت کی خاموشی اور ایوان میں بحث کرانے سے فرار کو انتہائی تشویشناک قرار دیا تھا۔

 

ٹیگس