Aug ۲۰, ۲۰۲۵ ۰۸:۲۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان اور چین کے وزرائے خارجہ کی ملاقات؛ باہمی تعلقات میں فروغ پر زور

ہندوستان کےوزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ ہندوستان اور چین اب مشکل مرحلے کے بعد دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کےوزیر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان اور چین کے تعلقات میں پیش رفت کے لئے ضروری ہے کہ مل جل کر کام کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں امن اور ہم آہنگی کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو واضح اور تعمیری انداز اپنانا ہوگا اور باہمی احترام اور حساسیت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ جے شنکر دارالحکومت میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ایک میٹنگ میں اظہار خیال کر رہے تھے جو ہندوستان کے دورے پر ہیں۔ جے شنکر نے چین کے وزیر خارجہ سے گزشتہ ماہ اپنے دورہ چین کے دوران ان کے ساتھ اٹھائے گئے کچھ مخصوص خدشات کا بھی ذکر کیا جس میں سرحدی علاقوں میں کشیدگی میں کمی کا مسئلہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا، آپ کل قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کے ساتھ سرحد سے متعلق مسائل پر بات کریں گے۔ یہ بہت اہم ہے کیونکہ ہمارے تعلقات میں کسی بھی مثبت پیش رفت کی بنیاد دونوں فریقوں کی ایک ساتھ کام کرنے اور سرحدی علاقوں میں امن و سکون برقرار رکھنے کی صلاحیت ہے۔ یہ بھی ضروری ہے کہ کشیدگی میں کمی کا عمل آگے بڑھے۔
اس میٹنگ میں چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ چین اور ہندوستان کو ایک دوسرے کا شراکت دار سمجھنا چاہیے، یہ ممالک دشمن یاخطرہ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور ہندوستان کو درست اسٹریٹجک مفاہمت قائم کرنی چاہیے۔چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ چین ہم آہنگی، باہمی فائدے کے اصول کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے۔ قابل ذکر ہے کہ چین کے وزیر خا رجہ ہندوستان کے دورے کے بعد رواں ہفتے اسلام آباد کا بھی دورہ کریں گے۔

ٹیگس