Jan ۱۴, ۲۰۲۳ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • نفرت ختم کرنے کے لئے عوام کو نڈر ہو کر کام کرنا ہوگا: راہل گاندھی

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس کے لیڈر اور بھارت جوڑو یاترا کے قائد راہل گاندھی نے کہا ہے کہ اس یاترا کے ساڑھے تین ہزار کلومیٹر کے سفر کے دوران انہیں عام لوگوں کے حقوق کی لڑائی لڑنے کی طاقت ملی ہے، جس میں انہوں نے غریبوں کے لئے ڈھال بن کر ان ک مفاد میں لڑنا سیکھا ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے سرکاری ذرائع کے مطابق راہل گاندھی نے سات ستمبر کو کنیا کماری سے شروع ہونے والی بھارت جوڑو یاترا کے لیے تقریباً ساڑھے تین ہزار کلومیٹر پیدل سفر کرنے کے بعد جمعے کے روز پنجاب سے جاری ایک کھلے خط میں کہا کہ وہ یاترا کے دوران بے شمار لوگوں سے ملے ہیں جس سے انہیں یہ سمجھ میں آیا ہے کہ انہیں نفرت اور تشدد کے خلاف کھڑے ہو کر عام آدمی کی ڈھال بن کر لڑنا ہے۔

انہوں نے کہا ’’بھارت جوڑو یاترا نے مجھے سکھایا ہے کہ میری ذاتی اور سیاسی زندگی کا مقصد ایک ہی ہے؛ حقوق کی لڑائی میں کمزوروں کے لیے ڈھال بننا اور جن لوگوں کی آواز دبائی جارہی ہے ان کی آواز بلند کرنا۔

راہل گاندھی نے نفرت اور تشدد کو ملک کی ترقی میں رکاوٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم سب ذات پات، مذہب، علاقہ اور زبان کے فرق سے اوپر اٹھیں گے جو معاشرے میں برائی پیدا کرتے ہیں۔

لوگوں کو بے خوف ہو کر کام کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے، بھارت جوڑو یاترا کے قائد نے کہا ’’آپ سب کے لیے میرا پیغام ہے کہ ڈرو نہیں، اپنے دل سے خوف نکال دو، نفرت خود ہی ختم ہو جائے گی۔

کانگریسی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک مذہب کو دوسرے مذہب کے خلاف، ذات کو ذات کے خلاف اور ایک زبان کو دوسری زبان کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ملک کے نوجوان بے روزگار ہیں، مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور ملک مایوسی کا شکار ہو ریا ہے۔

ٹیگس