Jan ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۲۳ Asia/Tehran
  • بھارت جوڑو یاترا ہیماچل پردیش میں داخل

ہندوستان میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا ہیماچل پردیش میں داخل ہوگئی۔

سحرنیوز/ہندوستان: کانگریسی رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا بدھ کو ایک سو اٹھائیسویں دن ریاست پنجاب سے ہیماچل پردیش میں داخل ہوگئی۔ 
رپورٹوں میں کانگریسی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا میں شامل افراد، ایک دن ہیماچل پردیش میں رہنے کے بعد جمعرات کو دوبارہ پنجاب واپس جائیں گے۔ 
اس رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا پنجاب میں دوبارہ داخل ہونے کے بعد اپنے آخری پڑاؤ سری نگر کی جانب روانہ ہوگی۔ 
یاد رہے کہ کانگریسی رہنما راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا، سات ستمبر دو ہزار بائیس کو تامل ناڈو کے علاقے کنیا کماری سے روانہ ہوئی تھی۔ کنیا کماری سے جموں وکشمیر کے صدر مقام سری نگر تک تقریبا تین ہزار سات سو پچاس کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے لئے پانچ مہینے مد نظر رکھے گئے تھے۔ 
راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا کا مقصد، ہندوستانی سماج کو مذہب، ذات پات اور دیگر بنیادوں پر تقسیم کرنے کی مبینہ سازشوں کو ناکام بنانا، آپسی بھائی چـارہ اور قومی یکجہتی کو مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔

ٹیگس