Jan ۲۷, ۲۰۲۳ ۱۶:۵۱ Asia/Tehran

کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا کے ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر میں داخل ہوتے ہی راہل گاندھی کی سیکورٹی میں خلا پیدا ہوا جس کے بعد راہل گاندھی کو یاترا سے باہرنکال لیا گیا۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریسی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا جیسے ہی جموں سے کشمیر کے بانیہال میں داخل ہوئی راہل گاندھی کی سیکورٹی میں چوک دیکھنے کو ملی جس کے نتیجے میں یاترا کو کچھ دیر کے لئے روک دیا گیا-
راہل گاندھی کو وہاں سے گاڑی میں بیٹھا کر اننتناگ پہنچادیا گیا اور پھر یاترا ان کے بغیر آگے بڑھ گئی-
کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا جونہی بانیہال پہنچی تو ہندوستان کے زیرانتظام جموں کشمیر کی بڑی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کے رہنما اور سابق وزیراعلی عمرعبداللہ بھی یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ شامل ہوئے۔ عمر عبداللہ نے بھی کافی دور تک پیدل یاترا میں راہل گاندھی کا ساتھ دیا۔
اس درمیان اننتناگ پہنچنے پر راہل گاندھی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ یاترا کے دوران پولیس کے ذریعے کئے گئے سیکورٹی کے انتظامات پوری طرح ناکام ثابت ہوئے انہوں نے کہا کہ بھیڑ کو قابو کرنے میں وہاں سیکورٹی اہلکار بھی نظر نہیں آئے-
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے ایڈوائزروں کے کہنے پر میں نے اپنی یاترا وقتی طور پر کینسل کردی ہے لیکن پارٹی کی یاترا جاری ہے- راہل گاندھی نے کہا کہ یہ جموں کشمیر کی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ مکمل سیکورٹی فراہم کرے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ دنوں میں سیکورٹی کے پختہ انتظامات کئے جائیں گے۔

ٹیگس