ہندوستانی عوامی کے چیلنجز اب ختم ہو گئے، وزیر اعظم مودی کا دعویٰ
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی حکومت کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے اُسے ملک کے وقار میں اضافے اور نئے امکانات کے پیدا ہونے کا باعث قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ہندوستان: نئی دہلی سے سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئے کے مطابق لوک سبھا میں صدر کے خطاب پر بحث کا جواب دیتے ہوئے نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان میں کئے گئے کاموں کی وجہ سے ہم وطنوں کا سینہ چوڑا ہوا ہے اور سب کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔
وزیر اعظم مودی کا خیال تھا کہ ان کی حکومت نے ملک اور دنیا کی ساکھ میں اضافہ کیا ہے، فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں، عوامی مفاد میں فیصلے اور تمام اصلاحاتی کام عوامی جذبات کے مطابق کیے ہیں اور یہی تمام اقدامات حکومت پر سب کے اعتماد میں اضافہ کا باعث بنے ہیں۔
ہندوستانی وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ملک بحران کے درمیان بھی فخریہ کارنامہ پیش کرتا رہا اور ماضی میں ملک کے ایک سو چالیس کروڑ عوام کے سامنے جو چیلنجز تھے، وہ اب نہیں رہے اور اب ہندوستان کے لیے نئے امکانات ابھرے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے اسی طرح کورونا کے دور میں قومی اور عالمی سطح پر اپنی کارکردگی کا بھی بھرپور دفاع کیا۔
واضح رہے کہ ہندوستانی وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ انکی حکومت کو اپوزیشن جماعتوں اور آزاد میڈیا حلقوں کی جانب سے سخت اور سنگین الزامات کا سامنا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت پی جے پی کے دور حکومت میں ہندوستان میں بے روزگاری اور مہنگائی میں شدید اضافہ ہوا ہے، لوگ معیشتی اعتبار سے مزید کمزور ہوئے ہیں، نجی شعبوں کو سرمایہ دار طبقے پر قربان کیا گیا اور ساتھ ہی ملک میں بقائے باہمی کے مثالی جذبے کو گہرا نقصان پہنچا ہے۔