Feb ۱۳, ۲۰۲۳ ۱۱:۴۲ Asia/Tehran
  • روس اور ہندوستان کے وزرائے دفاع
    روس اور ہندوستان کے وزرائے دفاع

روس نے گزشتہ پانچ سال میں ہندوستان کو 13 بلین ڈالر کا اسلحہ فراہم کیا ہے جب کہ 10 بلین ڈالر اسلحہ کی فراہمی کے معاہدے پر ابھی عمل درآمد ہونا باقی ہے۔

سحرنیوز/ہندوستان: رویٹرز نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان دنیا میں روسی اسلحہ کا سب سے بڑا خریدار ہے جو اپنے اسلحہ کی 20 فیصد ضروریات کے لئے روس پر منحصر ہے جب کہ ہندوستان نے صراحت کے ساتھ روس کے یوکرین پر حملے کی مذمت نہیں کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق روسی ’’فیڈرل آرگنائزیشن فار ملٹری کوآپریشن‘‘ کے سربراہ دیمیتری شوگایف نے روسی نیوز ایجنسی سے گفتگو کے دوران کہا کہ دفاعی اور ٹیکنیکل میدان میں تعاون کے لئے ہندوستان، چین اور جنوبی ایشیاء کے ممالک اب بھی روسی اسلحہ کے خواہش مند ہیں۔

شوگایف نے مزید کہا کہ امریکہ اور مغربی ممالک روس کے یوکرین پر حملے کی وجہ سے ہندوستان پر شدید دباؤ ڈال رہے ہیں لیکن ہندوستان اب بھی دفاعی اور ٹیکینکل میدان میں اب بھی روس کا اہم پارٹنر ہے۔شوگایف نے ایشائی ممالک کی جانب سے روسی اسلحہ میں دلچسپی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ممالک روس کے ایس 400 میزائل دفاعی نظام، سوخوئی 30، مگ 29 جنگی طیاروں، ہیلی کاپٹروں اور دوسرا اسلحہ خریدنے کے خواہشمند ہیں۔

ہندوستان میں ہونے والی دفاعی نمائش ایروہند 2023 میں روس نے اپنےاسلحہ کے 200 سے زیادہ نمونے نمائش کے لئے پیش کئے ہیں جب کہ ہندوستان اس بین الاقوامی دفاع نمائش میں کئی بلین ڈالر کے لڑاکا اور مسافرطیاروں کی خریدکا ارادہ رکھتا ہے اوربین الاقوامی کمپنیوں کو ان طیاروں کو ہندوستان میں بنانے جیسی شرائط رکھ کر دباؤ میں ڈالے ہوئے ہے۔

ٹیگس