Feb ۲۲, ۲۰۲۳ ۰۸:۰۴ Asia/Tehran
  • ایجنسیوں کے ذریعے ملک کی آواز نہیں دبائی جا سکتی: پرینکا گاندھی

ہندوستان کی اپوزیشن جماعت کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے سیاسی جماعتوں کو ڈرانے دھمکانے کے لئے ایجنسیوں کے مبینہ استعمال پر بی جے پی کی مرکزی حکومت پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریس کی جنرل سیکریٹری نے ریاست چھتیس گڑھ میں کانگریس جنرل کنونشن سے قبل پارٹی لیڈروں کے گھروں پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیا۔

پرینکا گاندھی نے  کہا کہ ڈرا دھمکا کر کانگریس لیڈروں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے ٹویٹ کیا، "وزیر اعظم جی کے دوست گوتم اڈانی پر شیل کمپنیوں کے ذریعے غبن اور دیگر بہت سے سنگین الزامات لگے، لیکن کیا آپ نے کسی ایجنسی کو اس کی تحقیقات کرتے ہوئے دیکھا۔ لیکن، کانگریس کنونشن میں رخنہ ڈالنے اور مودی جی اور ان کے دوست کے درمیان سانٹھ گانٹھ پراٹھنے والی آوازوں پر ایجنسیاں لگادی گئیں۔

کانگریسی رہنما نے مزید کہا کہ انکی پارٹی اس قسم کی حکومتی پالیسیوں کے باوجود بلا خوف و خطر ملک کے مسائل پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ پرینکا گاندھی کا کہنا تھا کہ پارٹی کے جنرل کنوینشن میں مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھانے کا عہد کیا جائے گا۔

انہوں نے مرکزی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ بقول انکے کٹھ پتلی ایجنسیوں کا خوف دکھا کر آپ ملک کی آواز کو دبا نہیں سکتے۔

 

ٹیگس