Feb ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۷:۰۶ Asia/Tehran
  • کانگریس پارٹی کے رہنما گرفتار

ہندوستان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے سینیئر رہنما کوطیارے سے اتار کر گرفتار کرلئے جانے کے واقعے پر، ایک بڑا سیاسی تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق کانگریس کے مرکزی ترجمان اور سینیئر رہنما پون کھیڑا کو دہلی پولیس نے طیارے سے اتار کر اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ رائے پور میں ہونے والے کانگریس کے قومی اجلاس میں شرکت کے لئے روانہ ہورہے تھے۔ طیارے سے اتارے جانے کے بعد پون کھیڑا اور دیگر کانگریسی کارکن ہوائی اڈے پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے جس کے بعد دہلی پولیس نے انہیں حراست میں لے لیا۔

دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے آسام کی پولیس کے کہنے پر حراست میں لیا ہے۔ ریاست آسام میں پون کھیڑا کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔ کانگریس کے رہنما پون کھیڑا پر الزام ہے کہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف توہین آمیز بیان دیا ہے۔

دوسری جانب کانگریس پارٹی نے پون کھیڑا کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اسے آمریت قرار دیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ موجودہ بی جے پی حکومت، مخالف سیاسی جماعتوں کی آواز کو دبانا چاہتی ہے۔

پون کھیڑا نے کہا ہے کہ وہ لمبی لڑائی لڑنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ حکومت، ہمیں کس معاملے میں پھنسانا چاہتی ہے ہم ہر طرح کی صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں ۔

ٹیگس