Feb ۲۷, ۲۰۲۳ ۲۱:۲۱ Asia/Tehran
  • منیش سسودیا 5 دن کے ریماڈ پر، کیرل کے وزیر اعلیٰ نے جمہوریت پر حملہ قرار دیا

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کی ایک عدالت نے نائب وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سینیئر لیڈر منیش سسودیا کو 5 دن کے ریمانڈ پر سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہندوستان کے مرکزی تفتیشی ادارے، سی بی آئی، نے آج دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ کو راؤز ایونیو عدالت میں پیش کیا اور عدالت سے 5 دن کے سی بی آئی ریمانڈ کی درخواست کی۔ عدالت نے سی بی آئی کی درخواست منظور کرتے ہوئے منیش سسودیا کو پانچ دن کے ریمانڈ پر سی بی آئی کی حراست میں بھیج دیا۔ اطلاعات کے مطابق عدالت نے اس سلسلے میں اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق سی بی آئی نے کہا ہے کہ "سسودیا کو وضاحت کرنی ہوگی، ہم اقبال جرم نہیں چاہتے۔ ہمیں تحویل میں پوچھ گچھ کرنے کی اجازت ہے۔" سی بی آئی نے دہلی ایکسائز پالیسی میں مبینہ بدعنوانی کے الزام میں منیش سسودیا کو اتوار کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری سے پہلے سسودیا سے 8 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

دریں اثنا کیرل کے وزیر اعلیٰ نے منیش سسودیا کی گرفتاری کو جمہوریت پر حملہ قرار دیا ہے۔ کیرل کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجیئن نے  اپنے ایک ٹوئیٹ میں دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی ایجنسیوں کو اپوزیشن پارٹیوں کو ڈرانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، یہ جمہوریت پر حملہ ہے۔   

سماجوادی پارٹی کے صدر اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھیلش یادو نے منیش سسودیا کی گرفتاری پر سخت تنقید کی ہے۔ اکھلیش یادو نے ایک ٹوئیٹ میں کہا ہے کہ دہلی میں تعلیم کے میدان میں انقلابی تبدیلی لانے والے منیش سسودیا صاحب کو گرفتار کرکے بی جے پی نے ثابت کردیا ہے کہ یہ پارٹی تعلیم ہی نہیں بلکہ دہلی کے بچوں کے مستقبل کے بھی خلاف ہے۔

ہندوستانی کمیونسٹ پارٹی، سی پی آئی (ایم) نے بھی منیش سسودیا کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ حکومت اڈانی مسئلہ سے توجہ ہٹانے کی کوشش میں اپوزیشن کو نشانہ بنانے کے لئے مرکزی ایجنسیوں کا استعمال کررہی ہے۔

ادھر عام آدمی پارٹی( عآپ) کے کارکنوں اور رہنماؤں نے منیش سسودیا کی گرفتاری کے خلاف پیر کو دوسرے دن بھی زبردست احتجاج کیا۔ آج آسام، مدھیہ پردیش، کرناٹک اوڈیشہ، پنجاب، ہریانہ اور گجرات سمیت ہندوستان کے مختلف علاقوں میں بھی ‏عآپ رہنماؤں اور کارکنان نے احتجاج کیا۔ بعض علاقوں سے مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

 


 

 

 

 

 

 

 

 

 


 

 

 

ٹیگس