ہندوستان: دہلی کی ریاستی حکومت میں دو نئے وزرا شامل
دہلی کی ریاستی حکومت میں آج دو نئے وزرا آتیشی اور سوربھ بھاردواج شامل ہوگئے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: میڈیا رپورٹوں کے مطابق دارالحکومت دہلی میں آتیشی مارلینا اورسوربھ بھاردواج نے جمعرات کو وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور دہلی کے لیفٹینینٹ گورنر(ایل جی) وی کے سکسینہ کی موجودگی میں دہلی حکومت میں وزیر کے طور پر حلف لیا۔
آتیشی کو وزرات تعلیم جبکہ سوربھ بھاردواج کو وزارت صحت کا قلمدان ملا ہے۔ اتیشی مارلینا کو تعلیم کے ساتھ ساتھ پی ڈبلیو ڈی، پاور، اور سیاحت کے قلمدان بھی دیے گئے ہیں۔ وہیں بھاردواج کو صحت کے علاوہ شہری ترقی، پانی اور صنعت کے قلمدان بھی سونپے گئے ہیں۔
وزرا کو مبارکباد دیتے ہوئے، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ "سوربھ بھاردواج اور آتیشی کو ایل جی نے وزیر کے طور پر حلف دلایا ہے۔ جس طرح منیش سسودیا اور ستیندر جین دہلی کے لئے اچھا کام کر رہے تھے، مجھے امید ہے کہ وہ (بھاردواج اور آتیشی) بھی ان کے نقش قدم پر چلیں گے اور دارالحکومت کے لئے اچھا کام کریں گے۔ مذکورہ دونوں لیڈروں کو منگل کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے دہلی کابینہ میں وزیر مقرر کیا تھا۔
واضح رہے کہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا اور ستیندر جین نے گزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ دونوں رہنما اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔