Apr ۰۳, ۲۰۲۳ ۲۱:۱۷ Asia/Tehran
  • ہندوستان؛ برفانی تودہ گرنے سے متعدد ہلاک، دسیوں برف کے نیچے دب گئے

ہندوستان کی ریاست سکم میں برفانی تودہ گرنے سے کم از کم چھے افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ ڈیڑھ سو سے زائد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستان کے میڈیا ذرائع کے مطابق برفانی تودہ گرنے کا واقعہ سِکم کے سرحدی علاقہ نتھولا میں پیش آیا۔ بعض ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد سات بتائی ہے جن میں چار مرد، دو خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں۔ ابتدائی اندازے کے مطابق تقریباً تیس لوگوں کو بچا کر منی پال اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے رسکیو آپریشن جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق بارڈر روڈ آرگنائزیشن، پولس اور فوج مقامی ٹیکسی ڈرائیوروں کے ساتھ مل کر دبے ہوئے افراد کو تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ کرنل مہیندر راوت نے کہا، ’’سڑک سے برف ہٹانے کے بعد پھنسے ہوئے تقریباً ساڑھے تین سو افراد کو بچا لیا گیا ہے‘‘۔

یہ برفانی تودہ اس وقت گرا جب سیاح گنگٹوک کو سومگو جھیل اور نتھولا سرحد کے سیاحتی مقامات سے جوڑنے والے جواہر لعل نہرو مارگ کے برف سے ڈھکے پہاڑی کنارے پر موجود تھے ۔

ٹیگس