Apr ۲۵, ۲۰۲۳ ۱۷:۱۴ Asia/Tehran
  • دہلی حکومت نے ویب پورٹل لانچ کردیا

دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے منگل کو ریاستی حکومت کا ویب پورٹل لانچ کردیا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: نئی دہلی سے ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کی رپورٹ کے مطابق دہلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال نے ویب پورٹل کے ساتھ ہی ریاستی حکومت کے مختلف محکموں کی ایک سو اسّی ویب سائٹوں کو بھی لانچ کیا ۔ اروند کیجریوال نے اس موقع پر اپنی گفتگو میں کہا کہ حکومت کے سبھی محکموں کی ویب سائٹیں ویب پورٹل سے منسلک کردی گئی ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اب صرف ایک کلک پر دہلی حکومت کی سبھی خدمات سے متعلق معلومات دستیاب ہوں گی ۔

دہلی کے وزیراعلی نے کہا کہ ہم اپنی حکومت کی کارکردگی سے عوام کی واقفیت کے لئے جدید ترین ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے کام لے رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کا مستقبل مصنوعی ذہانت میں ہے۔اس موقع پر دہلی کے آئی ٹی کے وزیر کیلاش گہلوت نے وضاحت کی کہ ماضی میں ٹریفک بڑھنے سے ویب سائٹ کریش ہوجاتی تھی لیکن اب ایسا انتظام کیا گیا ہے کہ ٹریفک میں چاہے جتنا بھی اضافہ ہوجائے ویب سائٹ کریش نہیں ہوگی ۔ انھوں نے کہا کہ ویب سائٹ کو عوام دوست بنانے کے لئے تمام ضروری چیزوں کا خیال رکھا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب عوام موبائل پر بھی آسانی سے ویب سائٹ تک دسترسی حاصل کرسکتے ہیں۔

ٹیگس