نکسلائٹ چھاپہ ماروں کے حملے میں متعدد ہندوستانی فوجی ہلاک
ہندوستان کی ریاست چھتیس گڑھ میں ماؤ نواز چھاپہ ماروں کے بم حملے میں کم سے کم گیارہ ہندوستانی ہلاک ہوگئے۔
سحر نیوز/ ہندوستان:ہندوستانی میڈیا کے مطابق ریاست چھتیس گڑھ کے دنتے واڑہ میں آئی ای ڈی بلاسٹ میں گیارہ ہندوستانی فوجی مارے گئے ہیں یہ بم دھماکہ بدھ کو ہوا۔
دھماکے کے بعد سیکورٹی فورس اور ماؤ نواز چھاپہ ماروں کے درمیان تصادم جاری رہا۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب دنتے واڑہ میں ایک ٹرک، ریزرو فورس کے جوانوں کو لے کر کسی دوسرے مقام پر جارہا تھا۔ آئی، ای، ڈی، بم ماؤ نواز چھاپہ ماروں نے نصب کیا تھا۔
اس حملے میں ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت پر چھتیس گڑھ کے وزیراعلی نے کہا ہے کہ ماؤ نواز چھاپہ ماروں کو کسی بھی صورت میں چھوڑا نہیں جائے گا اور ان سے اس کا بدلہ ضرور لیں گے۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی ریاستوں چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور اڑیسہ میں اکثر وبیشتر فوج اور سیکورٹی فورس کے اہلکاروں پر ماؤ نواز چھاپہ ماروں کے حملے ہوتے رہتے ہیں اگرچہ حکومت کا دعوی ہے کہ اس نے ان چھاپہ ماروں کی کمرتوڑ دی ہے لیکن یہ حملہ حکومت کے دعوے پر سوالیہ نشان لگاتا ہے۔