ہندوستان ، گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس
ہندوستان کے شہر گوا میں شانگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ نے علاقائی تعاون میں تقویت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن وسیکورٹی کی برقراری پرتاکید کی۔
سحر نیوز/ ہندوستان:ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے اجلاس میں اپنے افتتاحی خطاب کے دوران، مہمان ملکوں کے وزرائے خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ شانگھائی تعاون تنظیم ہمہ جانبہ تعاون اور امن و استحکام کے فروغ کو خاص اہمیت دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایس، سی، او میں اصلاحات اور جدید کاری پر بھی زور دیا جارہا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے رکن ملکوں کے تعاون کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ دہشت گرد گروہوں کی فنڈنگ کا راستہ مسدود کیا جائے تاکہ خطے میں امن کو یقینی بنایا جاسکے۔ ہندوستانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایس، سی، او کے ممالک سماجی اور ثقافتی اجلاسوں کا بھی اہتمام کریں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی امن کے لئے پرامن افغانستان اہم ہے اور، سفارتی پوائنٹ اسکورنگ کے لئے دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کی علاقائی اور عالمی کوششوں کا حصہ بننے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطہ بدستور غربت کی لپیٹ میں ہے اور غربت کے خاتمے کے لئے خصوصی ورکنگ گروپ، تشکیل دیا جائے۔ پاکستانی وزیرخارجہ نے کہا کہ مشترکہ ترقی کے لئے علاقائی اور اقتصادی تعلقات ضروری ہیں۔
پاکستانی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غربت کے خاتمے میں کورونا اور جغرافیائی سیاسی تنازعات، رکاوٹ بنے اور ہمیں اپنی ترجیحات کو واضح کرنے کی ضرورت ہے۔