ہندوستان، منی پور میں حالات قابو میں فوج کا فلیگ مارچ
ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو منی پور کے وزیراعلیٰ این بیرین سنگھ اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ حالات کا جائزہ لیا ۔
سحر نیوز/ہندوستان: گزشتہ تین دنوں کے تشدد کے بعد منی پور میں فوج اور آسام رائفلس کو تعینات کرنے کے بعد مجموعی طور پر حالات پرامن بتائے جا رہے ہیں۔ خبروں میں بتایا گیا ہے کہ چند چھوٹے واقعات کے علاوہ مجموعی حالات پر امن رہے۔ حالات سے نمٹنے کے لیے فوج کے 100 دستوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ فوج نے جمعہ کو کئی اضلاع میں فلیگ مارچ کیا۔ اس درمیان، فوج نے 13 ہزار سے زیادہ لوگوں کو بہ حفاظت نکال کر فوج کے مختلف کیمپوں میں رکھا ہے۔
تمام فریق برادریوں کے لوگوں کو تشدد سے متاثرہ علاقوں سے سیکورٹی فورسز کی فوری کارروائی کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا۔ فوج کی تعیناتی کے بعد چورا چند پور، کے پی آئی، موڑہ اور کاکنگ میں حالات اب مکمل طور پر قابو میں ہیں اور جمعرات کی رات سے کسی بڑے واقعے کی اطلاع نہیں ہے۔
فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل مہیندر راوت نے کہا کہ منی پور میں حالات خراب ہونے کے بعد بدھ اور جمعرات کی رات فوج اور آسام رائفلز کے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ہندوستان کے وزیرداخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو منی پور کے وزیراعلیٰ این بیرین سنگھ اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ حالات کا جائزہ لیا۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان کی اپوزیشن جماعتوں اور آزاد میڈیا حلقوں کا مرکزی بی جے پی حکومت پر یہ الزام ہے کہ اُس کی پالیسیوں اور اسکے رہنماؤں کے بعض اقدامات و بیانات کے سبب ملک میں مذہبی منافرت میں خاصا اضافہ ہوا ہے۔