May ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
  • ہندوستان: کرناٹک اسمبلی میں مسلم ارکان کی تعداد میں اضافہ

ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں ہوئے حالیہ اسمبلی انتخابات میں 9 مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جو کانگریس سے تعلق رکھتے ہیں۔ سنہ 2018 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں 7 مسلم امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کی جنوبی ریاست کرناٹک میں ہونے والے حالیہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے 9 مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ میدیا رپورٹوں کے مطابق ان انتخابات میں کانگریس پارٹی نے 15 مسلم امیدواروں کو ٹکٹ دیا تھا جن میں 9 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔

کرناٹک میں ریاستی اسمبلی کے لئے 10 مئی کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور گزشتہ روز 13 مئی کو ووٹوں کی گنتی ہوئی جس میں کانگریس پارٹی کو 135 سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ حکمراں جماعت بی جے پی کو 66 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں اور جنتا دل (ایس) نے 19 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

کرناٹک میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے علاوہ دیگر پارٹیوں نے بھی مسلم امیدوار میدان میں اتارے تھے لیکن دیگر کسی بھی پارٹی کے مسلم امیدوار کو کامیابی نصیب نہیں ہوئی۔ جنتا دل (ایس) نے 22 مسلم امیدوار کھڑے کئے تھے لیکن اس کا کوئی بھی مسلم امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔ 2008 کے بعد ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ جنتا دل (ایس) کا کوئی بھی مسلم امیدوار کامیاب نہیں ہوا ہے۔ اسدالدین اویسی کی جماعت (اے آئی ایم آئی ایم) نے دو امیدوار انتخابی میدان میں اتارے تھے لیکن دونوں کو شکست ہوئی۔ ممنوعہ گروپ پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کی سیاسی تنظیم ایس ڈی پی آئی نے بھی 16 امیدوار کھڑے کئے تھے لیکن سبھی 16 امیدواروں کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

کرناٹک میں 2018 میں ہونے والے سامبلی انتخابات میں 7 مسلم امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی جن میں 5 امیدوار کانگریس پارٹی کے اور 2 جنتا دل (ایس) کے تھے۔ گزشتہ انتخابات میں کانگریس نے 17 اور جنتا دل (ایس) نے 8 مسلم امیدوار کھڑے کئے تھے۔ بی جے پی نے کرناٹک میں 2018 اور حالیہ اسمبلی انتخابات میں بھی کسی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا تھا۔

2011 میں ہونے والی مردم شماری کے مطابق کرناٹک ریاست میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 13 فی صد ہے۔

ٹیگس