Jun ۰۵, ۲۰۲۳ ۰۹:۴۸ Asia/Tehran
  • ٹرین حادثے کے ذمہ داروں کی شناخت کر لی گئی: ہندوستان کے وزیر ریلوے

ٹرین حادثے میں تقریبا 300 مسافروں کی موت ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 1100 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے 56 کی حالت تشویشناک ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے اتوار کی دیر رات  کہا کہ ان کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ اوڈیشہ ٹرین حادثے میں لاپتہ افراد کو ان کے اہل خانہ جلد از جلد تلاش کر سکیں۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ ان کی ذمہ داری ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ مرکزی وزیر ریلوے اس دوران بات کرتے ہوئے جذباتی نظر آئے۔

وہیں ریلوے نے اڈیشہ ٹرین حادثے میں ڈرائیور کی غلطی اور سسٹم کی خرابی کے امکان سے انکار کیا اور 'الیکٹرانک انٹر لاکنگ' سسٹم کے ساتھ ممکنہ 'توڑ پھوڑ' اور چھیڑ چھاڑ کا اشارہ دیا۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کہا کہ حادثے کی اصل وجہ کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور اس کے ذمہ دار "مجرموں" کی شناخت کر لی گئی ہے۔

انہوں نے بالاسور ضلع میں جائے حادثہ پر نامہ نگاروں کو بتایا، "یہ (حادثہ) الیکٹرانک انٹر لاکنگ اور پوائنٹ مشین میں کی گئی تبدیلی کی وجہ سے پیش آیا۔" اس میں چھیڑ چھاڑ کے امکان کی نشاندہی کرتے ہوئے، نوٹ کیا  گیا کہ "سگنل دیا گیا تھا اور ٹرین نمبر 12841 (کورومنڈل ایکسپریس) کو اپ مین لائن پر چلنے کی اجازت دی گئی تھی"۔ لیکن ٹرین اپ لوپ لائن میں داخل ہوئی اور لوپ لائن پر کھڑی مال گاڑی سے ٹکرا گئی اور پٹڑی سے اتر گئی۔ اس دوران ٹرین نمبر 12864 (بنگلور-ہاؤڑا سپر فاسٹ ایکسپریس) ڈاؤن مین لائن سے گزری اور اس کے دو ڈبے پٹری سے اتر کر پلٹ گئے۔

اس حادثے میں تقریبا 275 مسافروں کی موت ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی 1100 سے زائد زخمی ہیں جن میں سے 56 کی حالت تشویشناک ہے۔

ٹیگس