اڈیشہ میں ایک اور ٹرین حادثہ، 7 مزدور مال گاڑی سے کچل کر ہلاک
ہندوستان کی مشرقی ریاست اڈیشہ میں آج (بدھ کو) ایک اور ٹرین حادثہ ہوا ہے جس میں ایک مال گاڑی سے کچل کر 7 مزدور ہلاک ہوگئے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق ریاست اڈیشہ میں جاج پور روڈ ریلوے اسٹیشن پر بدھ کے روز ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ اس اسٹیشن پر 7 ٹھیکہ مزدور ایک مال گاڑی سے کٹ کر ہلاک ہوگئے اور ایک زخمی مزدور کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
ہندوستان کی مختلف میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ٹھیکہ مزدور ریلوے سائیڈنگ پر کام کر رہے تھے کہ اچانک آندھی اور بارش شروع ہوگئی۔ بارش سے بچنے کے لئے مزدوروں نے مذکورہ اسٹیشن پر کھڑی مال گاڑی کے نیچے جا کر پناہ لی۔ بد قسمتی سے بغیر انجن والی مال گاڑی آندھی طوفان کی وجہ سے خود بخود چلنے لگی۔ اس سے پہلے کہ مزدور وہاں سے نکل باتے مال گاڑی سے کچل کر 7 مزدور لقمۂ اجل بن گئے۔
یہ حادثہ ریاست اڈیشہ کے بالاسور ضلع میں ہونے والے بھیانک ریل حادثے کے پانچ دن کے بعد ہوا ہے جس میں 280 سے زیادہ افراد ہلاک اور 1000 سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔