بنگلہ دیش میں درد ناک ٹرین حادثہ، 20 افراد کی موت
بنگلہ دیش میں آج ایک درد ناک ٹرین حادثہ ہوا ہے جس میں کم سے کم 20 افراد کی موت ہوگئی۔
سحرنیوز/ عالم اسلام: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے تقریباً 80 کلومیٹر دور واقع علاقے بھیرب میں دو ٹرینوں میں آج پیر کو دوپہر کے بعد شدید ٹکر ہوئی جس کے نتیجے میں کم سے کم 20 کی موت ہوگئی اور 100 سے زیادہ زخمی ہیں۔ زیادہ تر زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت ہوا جب بھیرب ریلوے اسٹیشن کے قریب مسافر ٹرین ایک مال گاڑی سے جا ٹکرائی۔ اس ٹکر سے مسافر ٹرین کے دو ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ دونوں ٹرینوں میں شدید ٹکر ہونے کے بعد کہرام مچ گیا اور افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا۔
خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اطلاع ملنے کے بعد آگ بجھانے والا عملہ جائے حادثہ پہنچ کیا اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ مقامی پولیس افسر سراج الاسلام نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ادھر بنگلہ دیش کے ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ اس ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 20 تجاوز کر گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جائے حادثہ پر موجود چشم دید گواہوں نے بتایا کہ بہت سے لوگ ٹرین کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں۔