کینیڈا پر ہندوستان کی شدید تنقید
ہندوستان کے وزیرخارجہ نے سابق اور آنجہانی وزیراعظم اندرا گاندھی کے خلاف کینیڈا میں خالصتانی تنظیم کے ذریعے نکالی گئی پریڈ پر حکومت کینیڈا پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے آنجہانی ہندوستانی وزیراعظم اندرا گاندھی کے قتل کے واقعے سے متعلق کینیڈا میں خالصتانی تنظیم کے حامیوں کے ذریعے نکالی گئی پریڈ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں ہندوستانی وزیرخارجہ نے کہا کہ کینیڈا میں ہندوستان مخالف واقعات تواتر کے ساتھ ہورہے ہیں جو بڑا مسئلہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ واقعات ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات کے لئے ٹھیک نہیں ہیں -
جے شنکر نے کہا کہ کینیڈا کی حکومت ووٹ بینک کی پالیسی کے تحت اس طرح کے واقعات کی اجازت دے رہی ہے اور اس کے علاوہ کوئی وجہ سمجھ سے باہر ہے۔
ہندوستانی وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے حکومت کینیڈا پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں علیحدگی پسندوں ، شدت پسندوں اور تشدد کی حمایت کرنے والوں کو جگہ دی جا رہی ہے جو سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ ہندوستان اور کینیڈا کے تعلقات کے لئے اچھے نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امرتسر میں گولڈن ٹیمپل پر آپریشن بلیو اسٹار کی برسی کے موقع پر کینیڈا میں مقیم خالصتانی تنظیم کے حامیوں نے ایک پریڈ نکالی جس میں آنجہانی ہندوستانی وزیراعظم اندرا گاندھی کو خون سے رنگین سفید ساڑی میں ہاتھ اوپر اٹھائے ہوئے دکھایا گیا ہے اور لوگ ان پر بندوق تانے ہوئے ہیں۔
ہندوستانی کانگریس پارٹی نے بھی کینیڈا میں اندرا گاندھی کے خلاف نکالی گئی اس پریڈ پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کینیڈا کی حکومت سے اس واقعے پر احتجاج کرے۔