Jun ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۵ Asia/Tehran
  • فائل فوٹو
    فائل فوٹو

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے عالمی غذائی تحفظ کے حصول، پائیدار اور جامع خوراک کے نظام کی تشکیل اور عالمی کھاد کی سپلائی چین کو مضبوط کرنے کے طریقے تلاش کرنے پر زور دیا ہے۔

سحر نیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے جی ٹوئنٹی تنظیم کے وزرائے زراعت کے اجلاس کے نام اپنے پیغام میں مٹی اور فصل کی صحت اور پیداوار سے متعلق زرعی طریقوں کو اپنائے جانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کسانوں کو اختراعات اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے بااختیار بنانے کی ضرورت ہے اور ہمیں گلوبل ساؤتھ میں چھوٹے اور سرحدی کسانوں کے لیے وسائل کو کفایتی بنانا چاہیے۔ ہندوستانی وزیر اعظم نے ساتھ ہی زرعی اور خوراک کے ضیاع کو کم کرنے اور فضلے سے دولت کی تخلیق میں سرمایہ کاری کرنے کو بھی ضروری بتایا۔

نریندر مودی نے زراعت کو انسانی تہذیب کا مرکز قرار دیتے ہوئے جی ٹوئنٹی کے وزرائے زراعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا کام معیشت کے صرف ایک شعبے کو سنبھالنا نہیں بلکہ آپ پر انسانیت کے مستقبل کی بہت بڑی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر، زراعت دو اعشاریہ پانچ ارب سے زیادہ لوگوں کو ذریعہ معاش فراہم کرتی ہے، گلوبل ساؤتھ میں، زراعت جی ڈی پی میں تقریباً تیس فیصد حصہ ڈالتی ہے اور ساٹھ فیصد سے زیادہ ملازمتوں کا انحصار زراعت پر ہے مگر آج اس شعبے کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے اور وبائی امراض کی وجہ سے سپلائی چین میں رکاوٹیں جغرافیائی سیاسی تناؤ کی وجہ سے مزید تشویشناک ہوگئی ہیں۔

ٹیگس