Jun ۱۷, ۲۰۲۳ ۱۱:۳۵ Asia/Tehran
  • ہندوستان: بی جے پی نے کچھ نہیں کیا، ہمیں لوگوں کو ایک متبادل دینا ہوگا، شرد پوار

ہندوستان کے اہم اپوزیشن رہنما اور این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ بی جے پی نے بڑے بڑے وعدے کئے تھے لیکن کچھ کیا نہیں لہٰذا ہمیں لوگوں کو ایک متبادل دینا ہوگا۔

سحر نیوز/ ہندوستان: ممبئی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے سابق مرکزی وزیر دفاع اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے بی جے پی کے خلاف سبھی پارٹیوں کے متحد ہونے کے بارے میں ایک بار پھر بڑا بیان دیا ہے۔ شرد پوار نے، جو ریاست مہاراشٹر کے چار بار وزیر اعلیٰ بھی رہے ہیں، کہا کہ ریاستوں میں لوگ بی جے پی کو پسند نہیں کر رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق شرد پوار نے کہا کہ بی جے پی نے بڑے بڑے وعدے کئے جس کی وجہ سے لوگوں کی امیدیں بڑھ گئیں لیکن بی جے پی نے کیا کچھ نہیں ہے لہٰذا ہمیں لوگوں کو ایک متبادل دینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی کو بیشتر ریاستوں میں مسترد کردیا گیا ہے، اس کے بعد بی جے پی نے اقتدار حاصل کرنے کے لئے منتخب حکومتوں کو گرادیا۔

این سی پی رہنما شرد پوار نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیوں کی آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 23 جون کو پٹنہ میں ایک جلسے کا اہتمام کیا ہے اور وہ مرکز میں مودی حکومت کا متبادل تلاش کرنے کے لئے سبھی اپوزیشن پارٹیوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ بہار کے ڈپٹی وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے حال ہی میں کہا تھا کہ مذکورہ جلسے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجری وال، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ اور پی ڈی پی کی رہنما محبوبہ مفتی نے نشست میں شریک ہونے کی اطلاع دی ہے۔

 

 

ٹیگس